ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شہری کو پھانسی دے دی ہے۔
ایرانی عدلیہ سے منسلک میزان نیوز ایجنسی کے مطابق، سزائے موت پانے والے پدرم مدنی کی سزا پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ پدرم مدنی کو 2020 میں موساد کے لیے جاسوسی کرنے اور غیر قانونی ذرائع سے دولت حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق، پدرم مدنی نے محفوظ مواصلاتی ذرائع کے ذریعے اسرائیلی خفیہ افسر کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی تھی، اور یہ کارروائی دستیاب شواہد اور دستاویزات کی بنیاد پر ثابت ہوئی۔ میزان نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ، سزائے موت پر عملدرآمد حتمی عدالتی فیصلے کے بعد کیا گیا۔
پھانسی سے ایک روز قبل پدرم مدنی کی والدہ نے ایک ویڈیو بیان میں مقدمے کو ’ابہام اور مسائل سے بھرپور‘ قرار دیتے ہوئے عدالتی کارروائی پر سوالات اٹھائے تھے۔ ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق، پدرم مدنی کو اتوار کو تہران کی ایون جیل سے قزل حصار جیل منتقل کیا گیا تھا، اور ان کے اہل خانہ کو آخری ملاقات کے لیے قزل حصار جانے کی ہدایت دی گئی تھی۔