مذاکرات ‘مثبت سمت’ میں جا رہے تھے پھر بھی حملے کیے گئے، اسحاق ڈار کا ایران پر اچانک حملوں پر اظہارِ تشویش

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منگل کے روز سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے مشترکہ حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل کامیابی سے جاری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ آسٹریا کے دوران پاکستانی وفدسے ملاقات کے وقت عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے امید ظاہر کی تھی کہ بات چیت درست سمت میں جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ رات ان کی عمان کے وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی، جنہوں نے آگاہ کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آخری دور مثبت انداز میں ختم ہوا تھا۔ اسحاق ڈار کے مطابق عمانی وزیر خارجہ مذاکرات کے بعد واشنگٹن گئے تھے جہاں انہوں نے امریکی نائب صدر سے ملاقات کر کے انہیں بھی بتایا کہ مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد نے بھی ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ایران-امریکا مذاکرات میں ہم تقریبا کامیاب ہو گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس پیشرفت پر پہنچ گئے تھے کہ ایران کے پاس کبھی بھی ایسا مواد نہیں ہوگا جس سے جوہری ہتھیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے دوران زیرو افزودگی پر بھی راضی ہو گیا تھا۔

ان تمام پیش رفتوں کے باوجود اچانک حملے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ صورتحال گزشتہ سال جون میں پیش آنے والے واقعات کو دہرانے کے مترادف تھا۔

یاد رہے، جون 2025 میں بھی اسرائیل اور ایران کے درمیان بارہ روزہ جنگ ہوئی تھی۔ اس جنگ کے دوران امریکا نے ایران کے توانائی کے مراکز پر بھی حملے کیے تھے اور یہ دعوٰی کیا تھا کہ ایران کی جوہری توانائی مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں