ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور تہلکہ خیز خبر! ایپل نے اگرچہ ستمبر 2024 میں آئی فون 16 سیریز متعارف کرائی تھی، لیکن اب آئی فون 17 سیریز کے حوالے سے دلچسپ تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔ ایک تازہ لیک میں 2025 میں متوقع آئی فون ماڈل کی جھلک دکھائی گئی ہے، جس نے شائقین میں تجسس بڑھا دیا ہے۔
یوٹیوب کے معروف چینل Unbox Therapy پر لیوس جارج نے چین میں موجود آئی فون مینوفیکچررز کے ڈمی ماڈلز کا جائزہ لیتے ہوئے آئی فون 17 کے ممکنہ ڈیزائن کی ایک جھلک شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیا آئی فون توقعات سے بھی زیادہ پتلا ہوگا، اتنا کہ اس کی موٹائی صرف 5.65 ملی میٹر ہوگی — یعنی یہ ایک عام پینسل سے بھی پتلا ہوگا۔ اگر یہ معلومات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ آئی فون ایپل کی تاریخ کا سب سے باریک ماڈل ہوگا۔
قبل ازیں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ آئی فون 17 کا ڈیزائن گزشتہ ماڈلز سے نمایاں طور پر مختلف ہوگا۔ اس میں ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو مزید کم کرنے کی بھی توقع ہے، جس سے فون کا ڈسپلے مزید خوبصورت اور کشادہ نظر آئے گا۔
ادھر ٹیک ویب سائٹ 9to5Mac کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ائیر، موجودہ پرو ماڈلز کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد پتلا ہوگا، جو ایپل کے ڈیزائن فلسفے میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
آیا ایپل واقعی اپنے صارفین کو اتنا پتلا اور جدید ڈیزائن پیش کرے گا یا نہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن ابھی سے آئی فون کے مداحوں میں بےچینی بڑھتی جا رہی ہے۔