مردوں کا عالمی دن کب اور کیوں منایا جاتا ہے؟

ہر سال،  19 نومبر کو مردوں  کے عالمی دن کے طور پر  منایا جاتا ہے۔1960    کی دہائی میں “مردوں کا عالمی دن” منانے کیلئے کوششیں شروع ہوئیں تھیں ۔ 1960 سے   1990 کی دہائیوں  کے درمیان محض خواتین کے عالمی دن کی میڈیا پر اشاعت نے کئی سوالات کو جنم دیا ، اور یہ تاثر پایا گیا کہ، مردوں کی معاشرے میں  خدمات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

7 فروری 1992 کو تھامس اوسٹر نے پہلی بار اس دن کا افتتاح کیا، جس کا تصور  ایک سال پہلے ،  8 فروری 1991 کو ان کے ذہن میں آیا تھا۔ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں سنہ 1999 میں اس روایت کو دوبارہ زندہ کیا گیا۔ مالٹا واحد ملک تھا جہاں لمبے عرصے تک اس کی تقریبات جاری رہیں۔

19 نومبر کا انتخاب کس نے کیا؟

 سنہ 2009 میں مالٹا کی اے ایم آر کمیٹی نے ووٹنگ کے زریعے اس تاریخ کو تبدیل کرکے 19 نومبر رکھ دیا۔

ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں جامعہ سینٹ آگسٹین کے شعبہ تاریخ کے پروفیسر اور مردوں کے عالمی دن کے بانی ڈاکٹر جیروم تیلک سنگھ ، جس نے اس دن کو دوبارہ زندہ کیا، نے اپنے والد کے اعزاز میں، ان کی سالگرہ کی تاریخ یعنی 19 نومبر  کو مردوں کے عالمی دن کے طور منانے کا انتخاب کیا۔

کیوں  منایا جاتا ہے؟

مردوں کا عالمی دن  معاشرے، خاندانوں اور کمیونٹیز کے لیے مردوں کی انمول خدمات کے احترام  کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ مردوں اور جوان  لڑکوں کی زندگیوں، کامیابیوں، اور کرداروں کو پہچاننے اور ان کو منانے کا ایک خاص موقع  سمجھا جاتا ہے۔

ڈاکٹر جیروم نے اس دن کو منانے کے 6 بنیادی مقاصد  بتائے ہیں جن کو ستونوں  (Pillars )کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ مقاصد درج ذیل ہیں

مثبت رویے کے حامل مرد رول ماڈلز کو فروغ دیا جائے، جن میں محض ستارے ہی نہیں بلکہ معاشرے کے عام محنت کش لوگ بھی شامل ہیں۔

معاشرے، برادری، خاندان، شادی، بچوں کی دیکھ بھال اور ماحول میں مردوں کی مثبت شراکت کا جشن منایا جائے۔

مردوں کی  سماجی، جذباتی، جسمانی اور روحانی صحت اور تندرستی پر توجہ مرکوز کی جائے۔

سماجی خدمات،  رویوں ، توقعات اور قانون کے شعبوں میں مردوں کے خلاف امتیازی سلوک کو اجاگر کیا جائے۔

صنفی تعلقات اور  صنفی مساوات کو فروغ دیا جائے۔

ایک محفوظ اور  بہتر دنیا بنائی جائے، جہاں لوگ محفوظ رہ سکیں اور اپنی پوری صلاحیتیں کو  استعمال کرنے کے قابل بن جائیں۔

اس دن کیا ہوتا ہے؟

اس دن مختلف ممالک میں سیمینارز منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ، مردوں کی خدمات کو سراہا جائے ،  ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کی جائے اور عوام میں آ گہی پھیلائی جائے۔

تھیم (Theme) کیا ہوتا ہے؟

ہر سال مردوں کے عالمی دن کا ایک خاص تھیم ہوتا ہے، جو پچھلے سال سے مختلف ہوتا ہے۔ رواں سال مردوں کے عالمی دن کا تھیم “مثبت مرد رول ماڈلز(Positive male role models )”تھا۔

پچھلے سال اس دن کا تھیم”زیرو میل سوسائڈ( Zero Male Suicide)” تھا۔

تاہم، خواتین کے عالمی دن کے برعکس،   ابھی تک مردوں کے عالمی دن کو اقوام متحدہ کی جانب  سے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں