ہندوستان کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو، جو ملک کی فضائی مارکیٹ میں تقریباً 65 فی صد کا حصہ رکھتی ہے، ایک سنگین بحران سے دوچار ہے۔ گزشتہ کئی روز سے مسلسل پروازوں کی منسوخی اور تاخیر نے مسافروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صرف چند روز میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور اس دوران دلی، ممبئی، بنگلورو، حیدرآباد اور دیگر بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی بھیڑ اور افرا تفری پیدا ہو چکی ہے۔ بہت سے لوگ اپنی منزل تک نہ پہنچ سکیں اور نا معلوم وقت تک ایئرپورٹس پر پھنسے رہ گئے۔
مسافروں کی بڑھتی ہوئی ناراضگی اور مشکلات کے باعث سول ایوی ایشن کے حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایوی ایشن وزیر نے کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جائے گی اور ایسی کارروائی کی جائے گی جو دیگر ایئرلائنز کے لیے بھی مثال بن جائے۔
تاہم، اس بحران نے بھارت کی فضائی صنعت کی کمزوریوں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے: ایک ہی بڑی کمپنی پر مارکیٹ کا انحصار، محدود تعداد میں پائلٹس، اور نئے قوانین کے نفاذ کی تیاری نہ ہونا، ان عوامل نے مجموعی نظام کو مفلوج کر دیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک ایئرلائن کی ناکامی نہیں بلکہ پورے شعبہ کے لیے انتباہ ہے