وفاقی حکومت کے ابتدائی ایک سال کے دوران بھارت سے درآمدات میں مسلسل چوتھی بار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت باضابطہ طور پر معطل ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، فروری 2025 میں بھارت سے پاکستان کی درآمدات کا مجموعی حجم 2 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا، جو کہ گزشتہ سال اسی ماہ کے دوران 2 کروڑ 8 لاکھ ڈالرز تھا۔ اس طرح، سالانہ بنیادوں پر بھارتی مصنوعات کی درآمد میں 28 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ذرائع کے مطابق، رواں مالی سال کے دوران اگست اور ستمبر میں بھی بھارت سے درآمدات میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ، مارچ 2024، جنوری 2024، فروری 2023 اور مئی 2023 میں بھی بھارت سے درآمد شدہ سامان کی مقدار میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات معطل کر دیے تھے، تاہم، بعد ازاں کچھ نرمی کرتے ہوئے زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے باوجود، تجارتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافے نے اس معاملے کو مزید توجہ طلب بنا دیا ہے۔