جوانی جیسی جسمانی اور ذہنی صلاحیتیں زیادہ عرصے تک کیسے برقرار رکھی جا سکتی ہیں؟ نئی تحقیق میں اہم انکشافات

طویل عمر اور صحت مند زندگی کے تصورات کے بعد سائنس دانوں نے اب ’Peakspan‘ کی اصطلاح متعارف کرائی ہے، جس سے مراد زندگی کا وہ عرصہ ہے جس میں انسان اپنی جسمانی یا ذہنی صلاحیت کی بہترین سطح کے قریب رہتا ہے۔

طبی جریدے Aging & Disease میں شائع ہونے والے ایک حالیہ مقالے کے مطابق Peakspan کا تعین کسی مخصوص جسمانی صلاحیت کی زندگی بھر کی بہترین کارکردگی سے کیا جا سکتا ہے۔ مقالے کے مصنف اور بائیوٹیک کمپنی Insilico Medicine کے بانی الیکس ژاورونکوف کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی بہترین کارکردگی کے 10 فیصد کے اندر رہتا ہے تو اس مدت کو اس کا Peakspan سمجھا جا سکتا ہے۔

محققین کے مطابق Peakspan جسم کے مختلف نظاموں کے لیے الگ ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر دل اور خون کی شریانوں سے متعلق بہترین کارکردگی برقرار رہنے کا دورانیہ ذہنی صلاحیتوں کے Peakspan سے مختلف ہو سکتا ہے۔ عمومی طور پر کئی جسمانی صلاحیتیں 20 سے 30 سال کی عمر میں عروج پر ہوتی ہیں، تاہم ہر فرد میں یہ وقت مختلف ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے باوجود جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری ممکن ہے۔ 2026 میں Geriatrics میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ہزاروں معمر افراد کی جسمانی اور ذہنی صحت کا 12 سال تک جائزہ لیا گیا، جس میں تقریباً نصف افراد نے مطالعے کے دوران ذہنی یا جسمانی کارکردگی میں بہتری دکھائی۔

ماہرین کے مطابق فی الحال کوئی ایسی ثابت شدہ ’معجزاتی دوا‘ موجود نہیں جو انسان کی عمر، صحت مند زندگی یا Peakspan میں یقینی اضافہ کر سکے۔ تاہم باقاعدہ جسمانی سرگرمی، متوازن غذا اور سماجی تعلقات برقرار رکھنے جیسی عادات طویل اور صحت مند زندگی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

الیکس ژاورونکوف کے مطابق Peakspan بڑھانے کا مطلب صرف نئی ادویات یا جدید طبی ٹیکنالوجی استعمال کرنا نہیں۔ چشمہ، سماعت کے آلات، مصنوعی دانت یا ضرورت کے مطابق کولہے کی تبدیلی جیسے طبی اقدامات بھی عمر کے ساتھ کم ہونے والی بعض صلاحیتوں کو بحال یا برقرار رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں