ہانگ کانگ میں کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران سمندر میں جاگرا، دو افراد ہلاک

ہانگ کانگ میں دبئی سے آنے والا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چار عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ ایمرٹس فلائٹ EK9788 تھی، جسے ترک کارگو ایئرلائن “ایئر اے سی ٹی” آپریٹ کر رہی تھی۔ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 50 منٹ پر ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا جب یہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا۔

طیارے کے سمندر میں گرنے سے ایک سیکیورٹی گاڑی کو ٹکر لگی جو باڑ کے باہر موجود تھی، گاڑی سمندر میں جا گری اور اس میں سوار دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 30 اور 41 سال بتائی گئی ہیں۔

چاروں پائلٹ اور عملے کے ارکان کو ہیلی کاپٹر اور فائر سروسز کی کشتیوں کی مدد سے ریسکیو کر لیا گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایمرٹس کے مطابق طیارہ اُس وقت خالی تھا اور اس پر کوئی کارگو موجود نہیں تھا۔

ایئرپورٹ کے شمالی رن وے کو حادثے کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ باقی دو رن وے معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔ ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ طیارے کو لینڈنگ کی درست ہدایات دی گئی تھیں، اور موسم بھی صاف تھا۔ طیارے نے کسی قسم کا ہنگامی سگنل نہیں بھیجا۔

یہ بوئنگ 747 طیارہ تیس سال سے زائد پرانا تھا اور پہلے مسافر طیارہ رہ چکا تھا، جسے بعد میں کارگو طیارے میں تبدیل کیا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے کا ڈھانچہ دو حصوں میں ٹوٹ گیا۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مجرمانہ پہلو کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی نے انکوائری شروع کر دی ہے۔

یہ ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والا دوسرا بڑا جان لیوا حادثہ ہے۔ اس سے قبل 1999 میں چائنا ایئرلائنز کا طیارہ طوفان کے دوران کریش لینڈنگ میں تباہ ہوا تھا، جس میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں