امریکی اسلحے کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، مالی سال 2024 میں امریکا نے 318.7 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ برآمد کیا، جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ امریکی دفاعی صنعت کے لیے تاریخی سنگ میل ثابت ہوا ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق، حکومتی سطح پر دیگر ممالک کو فراہم کیے گئے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی مالیت 117.9 ارب ڈالر رہی، جو پچھلے مالی سال کے 80.9 ارب ڈالر کے مقابلے میں 45.7 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح، امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے براہ راست دیگر ممالک کو فروخت کیے گئے دفاعی سازوسامان کی مالیت 200.8 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو مالی سال 2023 کے 170.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں 23.5 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق، امریکی اسلحے کی فروخت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کے بعد اپنے دفاعی ذخائر کی دوبارہ بحالی ہے۔ یوکرین جنگ کی وجہ سے مغربی ممالک نے بڑے پیمانے پر ہتھیار خریدے، جس نے امریکی اسلحے کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ کیا۔

یہ اعداد و شمار امریکی دفاعی صنعت کے عالمی تسلط کو ظاہر کرتے ہیں، جبکہ اسلحے کی برآمدات میں مسلسل اضافہ دنیا بھر میں اسلحے کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں