گوگل کروم اور موزیلا فائرفاکس جیسے مقبول ویب براؤزرز کے ذریعے ہیکنگ کے خدشات کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کو خبردار کر دیا ہے۔ جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز ان براؤزرز کے ذریعے صارفین کے اہم ڈیٹا اور معلومات چوری کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف پرائیویسی متاثر ہو سکتی ہے بلکہ مالی اور ذاتی نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ خطرہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے ساتھ ساتھ موبائل ڈیوائسز پر بھی موجود ہے، کیونکہ دونوں پلیٹ فارمز پر یہ براؤزر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ہیکرز محفوظ شدہ پاسورڈز، براؤزنگ ہسٹری، اور دیگر اہم معلومات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ہیکنگ سے بچاؤ کے لیے اہم تجاویز بھی فراہم کی ہیں، جن میں گوگل کروم اور موزیلا فائرفاکس کے تازہ ترین ورژن کو فوری انسٹال کرنا، اور غیر تصدیق شدہ یا مشکوک ویب سائٹس سے گریز کرنے کی سفارش شامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو سائبر سیکیورٹی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے سسٹمز کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنا چاہیے تاکہ اس قسم کے حملوں سے محفوظ رہا جا سکے۔