گوگل میپس کی مدد سے گمشدگی اور قتل کا معمہ حل

جدید ٹیکنالوجی نہ صرف زندگی کو آسان بناتی ہے بلکہ ایسے مسائل حل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے جن کا تصور بھی ممکن نہیں ہوتا۔ ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ اسپین میں پیش آیا جہاں گوگل میپس کی ایک اسٹریٹ ویو تصویر نے پولیس کو ایک گمشدگی اور قتل کا معمہ حل کرنے میں مدد دی۔


شمالی اسپین کے صوبے سوریا کے ایک قصبے تاجویکو میں گوگل میپس کی ایک گاڑی نے اس لمحے کی تصویر محفوظ کی جب ایک لاش کو گاڑی میں ڈال کر منتقل کیا جا رہا تھا۔ یہ تصاویر 15 سال میں پہلی بار گوگل میپس کی گاڑی کی اس علاقے میں موجودگی کے دوران لی گئیں۔

مقتول ایک 33 سالہ کیوبن نژاد شہری تھا، جو اکتوبر 2023 میں پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔ گمشدگی کی رپورٹ ایک رشتے دار نے درج کرائی، جسے مقتول کے فون سے کچھ مشتبہ ٹیکسٹ میسجز موصول ہوئے۔ ان پیغامات میں ایک خاتون سے ملاقات اور اسپین چھوڑنے کی بات کی گئی تھی، جس پر پولیس نے تفتیش شروع کی۔

گوگل میپس کی تصاویر کا کردار
تحقیقات کے دوران گوگل میپس پر ایسی تصاویر اپلوڈ ہوئیں جن میں ایک شخص سرخ گاڑی کی ڈگی میں ایک بوری رکھتا ہوا دکھائی دیا۔ ایک اور تصویر میں بوری کو گاڑی کے قریب لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، جو زیادہ واضح نہیں تھی۔

ان تصاویر نے تفتیش کاروں کو اہم سراغ فراہم کیا۔ پولیس نے ان کے ذریعے گاڑی کا پتہ لگایا اور مقتول کی سابقہ گرل فرینڈ اور اس کے نئے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا، جو قتل اور گمشدگی میں ملوث پائے گئے۔

 
دسمبر کے آغاز میں ایک قریبی قبرستان سے ایک لاش کے خراب دھڑ کا حصہ ملا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ اسی کیوبن شہری کا ہے۔ تاہم، پولیس نے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔


یہ واقعہ گوگل میپس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ کس طرح یہ ایپ نہ صرف دنیا بھر کی گلیوں کی سیر کرواتی ہے بلکہ جرائم کی تفتیش میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پولیس کے مطابق میپس پر موجود تصاویر نے گاڑی کی شناخت میں مدد کی، جو اس کیس کے حل کے لیے ایک اہم سراغ ثابت ہوا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں