گوگل نے جی میل میں جیمینی مصنوعی ذہانت پر مبنی نئی خصوصیات متعارف کروانا شروع کر دی ہیں، جن کا مقصد صارفین کے ان باکس کو مزید اسمارٹ اور مددگار بنانا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ صارفین کا وقت بچانے اور ای میلز سے اہم معلومات فوری طور پر سامنے لانے میں مدد دے گی۔
گوگل نے ان نئی خصوصیات کا اعلان اپنے بلاگ پوسٹ میں کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچرز مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں گے۔ جیسے جیسے اپ ڈیٹ آگے بڑھے گی، کچھ ٹولز صارفین کے ان باکس میں خودکار طور پر فعال ہو جائیں گے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ وہ جی میل کو جیمینی دور میں داخل کر رہے ہیں تاکہ یہ ایک ذاتی اور پیشگی مدد فراہم کرنے والا ان باکس بن سکے۔
نئی اپ ڈیٹ کے تحت جی میل میں طویل ای میل تھریڈز کے خودکار خلاصے تیار کیے جائیں گے۔ اگر کسی ای میل میں درجنوں جوابات ہوں تو جیمینی اے آئی پورے مکالمے کو پڑھ کر چند سطروں میں اس کا خلاصہ پیش کرے گی، جس میں اہم نکات شامل ہوں گے۔ اس سہولت کا مقصد صارفین کو لمبی ای میلز اسکرول کیے بغیر گفتگو سمجھنے میں مدد دینا ہے۔
گوگل نے جی میل میں ایک اور اہم فیچر ’’اے آئی اوورویوز‘‘ بھی متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان باکس میں قیمتی معلومات موجود ہوتی ہیں، لیکن انہیں تلاش کرنا اکثر مشکل ہو جاتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے اے آئی اوورویوز بکھری ہوئی معلومات کو واضح اور مختصر جواب کی صورت میں پیش کرے گا۔
اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین عام زبان میں جی میل سے سوال پوچھ سکیں گے۔ مثال کے طور پر صارف یہ سوال کر سکتا ہے کہ گزشتہ سال باتھ روم کی مرمت کے لیے کوٹ دینے والا پلمبر کون تھا۔ جیمینی اے آئی ای میلز کو اسکین کر کے متعلقہ معلومات فوراً سامنے لے آئے گی۔
گوگل کے مطابق اے آئی اوورویو کے ذریعے ای میل مکالموں کے خلاصے تمام صارفین کے لیے مفت دستیاب ہوں گے، تاہم ان باکس سے براہِ راست سوال پوچھنے کی سہولت صرف گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرپشن رکھنے والوں کو دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ’’ہیلپ می رائٹ‘‘ نامی فیچر بھی اب تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس کے ذریعے ای میلز کو بہتر انداز میں لکھا یا موجودہ تحریر کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ جی میل نئے تجویز کردہ جوابات بھی فراہم کرے گا، جو گفتگو کے تناظر اور صارف کے لکھنے کے انداز کے مطابق ہوں گے۔
گوگل نے ایک نیا پروف ریڈ فیچر بھی شامل کیا ہے، جو ای میل بھیجنے سے پہلے گرامر، لہجے اور تحریری انداز کی جانچ کرے گا۔ یہ تمام جیمینی اے آئی فیچرز فی الحال امریکا میں متعارف کروائے جا رہے ہیں اور ابتدا میں انگریزی زبان میں دستیاب ہوں گے، جبکہ آنے والے مہینوں میں دیگر زبانوں اور ممالک تک بھی توسیع دی جائے گی۔