جرمنی میں کمپنیوں نے بیماریوں کی طویل رخصت لینے والے ملازمین کی جانچ پڑتال کے لیے پرائیوٹ جاسوسوں کی خدمات حاصل کرنا شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ اقدام معاشی چیلنجز کے پیش نظر ایسے ملازمین کی شناخت کے لیے کیا جا رہا ہے جو بیماری کا بہانہ بنا کر بار بار چھٹیاں کرتے ہیں۔
جاسوسوں کا کام یہ ہے کہ وہ بیماری کی رخصت پر جانے والے ملازمین کی حقیقت جانچیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ واقعی بیمار ہیں یا چھٹی لینے کا بہانہ کر رہے ہیں۔
فرینکفرٹ میں ایک نجی جاسوس فرم کے مالک نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ ان کی فرم سالانہ تقریباً 1200 کیسز کی جانچ کرتی ہے، جو کہ گزشتہ چند سالوں کے مقابلے میں دوگنی تعداد ہے۔
جرمن وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، 2021 سے 2023 کے درمیان بیماری کی چھٹیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جرمنی کے قانون کے تحت، ہر ملازم سال میں 6 ہفتے کی بیماری کی چھٹیاں لینے کا حق رکھتا ہے، جس دوران وہ تنخواہ اور ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل کرتا ہے۔
کمپنیوں میں بڑھتی ہوئی جاسوسی کا رجحان اس بات کا مظہر ہے کہ وہ اس سہولت کے غلط استعمال کو روکنا چاہتی ہیں، حالانکہ جاسوسی فرموں کی خدمات کافی مہنگی پڑتی ہیں۔