ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے G7 ممالک کے رہنماؤں پر اسرائیل کی جارحیت کو نظر انداز کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔
کینیڈا میں منعقد ہونے والے جی سیون ممالک کے سربراہی اجلاس میں ٹرمپ سمیت رہنماؤں نے پیر کو کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا جبکہ اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو اپنا دفاع کرنے کا حق ہے۔
بقائی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ G7 کے رکن ممالک، خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین مستقل اراکین کو اس واضح جارحیت کے خلاف اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکڑوں بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں، ہماری سرکاری اور عوامی عمارتوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کے گھروں کو بھی بے دردی سے مسمار کیا گیا ہے اور ہسپتالوں اور صحت مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران ایک ظالمانہ جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کر رہا ہے۔ کیا ایران کے پاس واقعی کوئی دوسرا راستہ ہے؟
بقائی نے کہا کہ خطے میں استحکام صرف اسرائیل کی جارحیت کے فوری خاتمے کے بعد ہی آئے گا۔