پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت کے خلاف شکست کو جلد بھلا کر اگلے مرحلے میں رسائی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
کولمبو میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ناکامی کے بعد اب پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امید برقرار رکھنے کے لیے گروپ اے کے آخری میچ میں نمیبیا کو ہر صورت شکست دینا ہوگی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ اس بات پر مایوس ہیں کہ ٹیم اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر سکی، تاہم ٹورنامنٹ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کام یہ ہے کہ وہ خود کو سنبھالے اور آئندہ دو تین دن میں اگلے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہو جائے۔
اتوار کے میچ میں پاکستان نے بولنگ میں نسبتا بہتر کارکردگی دکھائی اور بھارت کو 20 اوورز میں 175 رنز تک محدود رکھا۔ صائم ایوب نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور نمایاں کارکردگی دکھائی۔ تاہم ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی میں دباؤ کا شکار ہو گئی اور پاور پلے میں چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی۔
ہیسن کا کہنا تھا کہ بڑے مقابلوں میں دباؤ فطری امر ہے اور اصل امتحان یہ ہوتا ہے کہ کھلاڑی بنیادی حکمت عملی پر قائم رہتے ہیں یا دباؤ میں آ کر غلط فیصلے کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹورنامنٹ کے آگے بڑھنے کے ساتھ ٹیم کو مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ کھلاڑی مشکل حالات میں درست فیصلوں پر اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی بین الاقوامی سطح کے تجربہ کار ہیں، مگر کامیابی اسی صورت ممکن ہے جب دباؤ کے لمحات میں ٹیم بہتر ردعمل دکھائے۔ کوچ کے مطابق اگر پاکستان کو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا ہے تو اسے اس پہلو میں بہتری لانا ہوگی۔