ازبکستان کے سفیر،علی شیر تختیوف نے کولمبو میں سری لنکا کے صدر، انورا کمارا کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے سری لنکا میں ازبکستان کے پہلے مستقل سفیر کے طور پر اپنے فرائض کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔سفیرعلی شیر تختیوف کی رہائش پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی، جہاں سے وہ بیک وقت پاکستان اور سری لنکا کے سفارتی امور سنبھالیں گے۔
یہ موقع دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو دو طرفہ تعاون، سیاسی مکالمے، اقتصادی اشتراک، اور ثقافتی تبادلوں کے ایک نئے دور کی بنیاد فراہم کرے گا۔

صدر انورا کماراسے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی تعلقات کو وسعت دینے، عملی تعاون کو فروغ دینے اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر تفصیلی گفتگو کی۔
سری لنکن صدر نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف کی قیادت میں ہونے والی اصلاحات اور ترقی کو سراہتے ہوئے، باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات میں سیاست، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، لاجسٹکس اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ، دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں اور ماہرین کے درمیان براہِ راست روابط قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ تاریخی قدم نہ صرف ازبکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا، بلکہ خطے میں امن، ترقی اور باہمی خوشحالی کے امکانات کو بھی تقویت دے گا۔ سفیر تختیوف نے یقین ظاہر کیا کہ یہ نیا سفارتی باب دونوں ممالک کے لیے ایک پائیدار، قابلِ اعتماد اور فائدہ مند شراکت داری کا باعث بنے گا۔
یاد رہے، علی شیر تختیوف پہلے ہی پاکستان میں بطور ازبک سفیر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں.
