پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کے مطابق، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے جمعہ کے روز ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر انہیں پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی موجودہ سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ قریبی رابطے برقرار رکھنا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر قائم ہیں۔ انہوں نے ترک مسلح افواج کی جانب سے فراہم کی جانے والی حمایت اور تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان عسکری روابط کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
بیان کے مطابق، جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعداد بڑھانے کے اقدامات میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرپا اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کیا جائے۔