فلیڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات، نوٹیفکیشن جاری

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے اور وزارتِ دفاع نے اس تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل سید عاصم منیر پانچ سال کی مدت کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز کا چارج سنبھالیں گے۔ یہ ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی تعیناتی ہے جس کا مقصد دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جنرل سید عاصم منیر کی آرمی چیف کے طور پر تعیناتی کی منظوری برقرار رکھتے ہوئے انہیں اضافی طور پر چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب بھی سونپا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کے تحت جاری کیا گیا۔

اسی دوران وزارتِ دفاع نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جو 19 مارچ 2026 سے نافذالعمل ہوگا۔ یہ توسیع آئین کے آرٹیکل 234 اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ کے تحت دی گئی ہے، جبکہ اس کی کاپیاں صدرِ پاکستان، وزیراعظم، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور متعلقہ اداروں کو ارسال کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نئے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جدید جنگی تقاضوں کے پیش نظر یہ تقرری پاکستان کے قومی دفاع کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے معرکۂ حق میں دشمن کو تاریخی شکست دے کر ملک کا وقار بلند کیا۔

وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدتِ ملازمت میں توسیع پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ان کی کمان میں ہر محاذ پر بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی ترقی، دفاع اور استحکام کے لیے تمام ادارے مل کر کام کرتے رہیں گے اور پاکستان کے دفاع کو مزید ناقابلِ تسخیر بنایا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں