فارمن کرسچن کالج (ایف سی سی یو) کی فیکلٹی آف ہیومینیٹیز نے 9 اور 10 دسمبر 2025 کو ناروے کی اوسلومیٹروپولیٹن یونیورسٹی کے جرنلزم اینڈ میڈیا انٹرنیشنل سینٹر کے تعاون سے صحافیوں کی حفاظت پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
ورکشاپ میں صحافیوں، میڈیا اساتذہ اور کمیونی کیشن ماہرین نے شرکت کی، جس کا مقصد جنگ زدہ ماحول میں رپورٹنگ، ڈیجیٹل سکیورٹی، ٹراما آگاہی اور اخلاقی فیصلوں سے متعلق پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط کرنا تھا۔

افتتاحی روز فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر الطاف اللہ خان شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ابتدائی خطاب میں پاکستان کے بدلتے ہوئے تنازعات کے تناظر اور غیر متوقع حالات میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کی سیشنز کی قیادت ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید محمد ساقب نے کی۔

ورکشاپ میں ٹرینرز نے جنگ زدہ علاقوں میں رپورٹنگ کے پیچیدہ پہلوؤں اور فرنٹ لائن رپورٹرز کو درپیش خطرات پر گفتگو کی، جبکہ شرکاء نے گروپ ایکٹیویٹی کے ذریعے عملی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔
منتظمین کے مطابق ورکشاپ میں شامل تربیتی مشقوں اور مباحثوں نے شرکاء کو نہ صرف صحافتی سلامتی کے تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا بلکہ انہیں متعلقہ تربیتی ماڈیولز بنانے کے قابل بھی بنایا۔