میٹا نے فیس بک صارفین کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد فیس بک فیڈ کو اسپام پوسٹس سے پاک اور زیادہ معیاری بنانا ہے۔ اگر آپ کو اکثر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فیس بک پر غیر متعلقہ، بے معنی یا اسپام پوسٹس کی بھرمار ہے تو یہ صرف آپ کا ذاتی احساس نہیں، بلکہ کمپنی نے خود اس مسئلے کا اعتراف کیا ہے۔ میٹا نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ فیس بک فیڈ میں موجود اس خامی کو دور کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہا ہے، تاکہ صارفین کو بہتر اور دلچسپ مواد دیکھنے کو ملے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ ان صارفین کی پوسٹس کی رسائی محدود کر دے گی جو غیر ضروری طور پر طویل، دھیان بھٹکانے والے یا اصل مواد سے غیر متعلقہ کیپشنز استعمال کرتے ہیں۔ ایسے صارفین نہ صرف فیس بک فیڈ میں پیچھے چلے جائیں گے بلکہ انہیں فیس بک سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے بھی نااہل قرار دیا جائے گا۔ اسپام نیٹ ورکس کے خلاف میٹا کی جانب سے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ایسی پوسٹس یا اکاؤنٹس کے کمنٹس بھی نمایاں طور پر صارفین کے سامنے نہیں آئیں گے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی فیس بک پیج دھوکے سے زیادہ افراد تک پہنچنے کی کوشش کرے گا تو ایسے پیج کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
میٹا اس وقت ایک نئے فیچر کی آزمائش بھی کر رہا ہے جس کے تحت صارفین گمنام رہ کر کسی کمنٹ پر ڈاؤن ووٹ دے سکیں گے، تاکہ کمیونٹی کو بہتر انداز میں اسپام اور غیر معیاری کمنٹس سے محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ تمام اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب کمپنی فیس بک کو نوجوان صارفین کے لیے دوبارہ پرکشش بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حال ہی میں فیس بک میں “فرینڈز” ٹیب کو دوبارہ شامل کیا گیا ہے اور مارک زکربرگ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اس کی اصل پہچان، یعنی دوستوں اور خالص مواد پر مبنی رابطے کا ذریعہ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
میٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ ان صارفین کو مزید فروغ دے گا جو ہمیشہ اوریجنل اور بامقصد مواد شیئر کرتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں نہ صرف صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں بلکہ فیس بک کی ساکھ کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔