ملک میں نیٹ میٹرنگ درخواستوں کا حجم ملک کی مجموعی پیداواری صلاحیت سے بھی تجاوز کر گیا ، ڈسکوز کے پاس نیٹ میٹرنگ کی زیر التوا درخواستوں کی تعداد 4742 سے زیادہ ہو گئی ۔
مہنگی بجلی سے چھٹکارے کیلئے صارفین تیزی سے نیٹ میٹرنگ پر منتقل ہو رہے ہیں ۔ ملک میں 58 ہزار 822 میگا واٹ صلاحیت کے سولر نیٹ میٹرنگ کیلئے درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں ۔ نیپرا ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 46 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ ڈسکوز کے پاس 58 ہزار 822 میگا واٹ صلاحیت کی سولر نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں زیر التوا ہیں ۔
دستاویزات کے مطابق آئیسکو کے پاس سب سے زیادہ نیٹ میٹرنگ کی 1363 درخواستیں زیر التوا ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 12 ہزار 276 میگاواٹ ہے۔گیپکو کے پاس نیٹ میٹرنگ کی 117 درخواستیں زیر التوا ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 6282 میگاواٹ ہے ، لیسکو کے پاس 6143 میگاواٹ صلاحیت کی حامل 699 سولر نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں موجود ہیں، جبکہ فیسکو کے پاس 12 ہزار 399 میگاواٹ صلاحیت کی حامل 871 درخواستیں اور کے الیکٹرک کے پاس 10 ہزار 164 میگاواٹ صلاحیت کی 773 درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں ۔
دستاویزات کے مطابق درخواستوں کی عدم منظوری یا زیر التواء ہونے کی بڑی وجہ نیٹ میٹرنگ کے بائی بیک ریٹس زیادہ ہونا قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نیپرا حکام نے ملک میں بڑے سولر منصوبے لگانے کے بجائے سولر صارفین کی حوصلہ افزائی کی تجویز دی ہے ۔