پاکستانیوں کیلئے یورپ کے راستے کھل گئے

قومی ائیر لائن نے ساڑھے 4 سال کے طویل وقفے کے بعد یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ پہلی پرواز پی کے 749 پیرس کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 323 مسافر سوار تھے اور تمام نشستیں مکمل طور پر بُک تھیں۔

فلائٹ آپریشن کی بحالی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے منافع بخش روٹس بند ہونے سے ادارے کو بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے قومی ائیر لائن کی نجکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری قومی شناخت ہے، جسے ہمیں واپس حاصل کرنا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ماضی میں قومی ائیر لائن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی میتیں مفت پاکستان لاتی تھی، لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے سے یہ سہولت ختم ہو گئی تھی۔ اب فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد یورپ کی فضا میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم بلند ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ایک غیر ذمہ دارانہ بیان نے قومی ائیر لائن کو شدید نقصان پہنچایا اور ایسے بیانات دینے والوں کا احتساب ضروری ہے تاکہ مستقبل میں قومی اداروں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی سے قومی ائیر لائن کو مالی طور پر مستحکم کرنے کی امید کی جا رہی ہے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں