فلپائن میں منگل کو آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 69 ہو گئی ہے۔
یہ زلزلہ فلپائن کے جزیرے سیبو کے قریب ساحلی علاقے میں آیا۔ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر برناڈو الیہانڈرو کے مطابق ،سب سے زیادہ جانی نقصان سیبو کے ساحلی شہر بوگو میں ہوا، جہاں اب تک 30 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہ شہر زلزلے کے مرکز کے سب سے قریب واقع ہے۔
انھوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تعداد کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، تاہم امدادی کارکن ملبے تلے دبے لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سیبو کی صوبائی حکومت نے جزیرے کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد سے اب تک 600 سے زیادہ آفٹرشاکس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
زلزلے سے متاثرہ افراد نے میڈیا کو برتایا کہ آفٹرشاکس کی مسلسل شدت کے باعث انھوں نے رات کھلے آسمان تلے سڑکوں پر گزار دی۔
یاد رہے کہ اس زلزلے سے صرف چند روز قبل فلپائن کو لگاتار دو سمندری طوفانوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔