بالی وڈ فلم ’’دھورندر‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 1400 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔
اداکار رنویر سنگھ کی اس فلم نے ریلیز کے بعد بہت تیزی سے کمائی شروع کی اور چند ہی دنوں میں ہزار کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا۔ اس کے بعد فلم کی آمدن میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا اور یہ 1400 کروڑ کلب میں شامل ہو گئی۔
فلم کو نہ صرف بھارت بلکہ بیرونِ ملک بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے جس کے باعث اس کی مجموعی کمائی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ناظرین کی بڑی تعداد نے فلم کو پسند کیا اور سینما گھروں کا رخ کیا۔
ہدایت کار آدتیہ دھر کی اس ایکشن اور سنسنی خیز کہانی پر مبنی فلم نے باکس آفس کے کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور یہ تیزی سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں جگہ بنا رہی ہے۔ سینما ماہرین کے مطابق فلم کی کامیابی کی بڑی وجہ ناظرین کی دلچسپی، مثبت تبصرے اور بار بار دیکھنے کا رجحان ہے، جس کی بدولت یہ مسلسل کامیابی سمیٹ رہی ہے۔
بھارت میں اس فلم کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ اس کی کہانی ہے، جو پاکستان کے اندر دکھائی گئی ہے۔ فلم کے مرکزی کردار ‘جسکیرت سنگھ’، جو حمزہ علی مزاری کے نام سے پاکستانی میں بھارتی جاسوس بن کر جاتے ہیں اور وہاں انٹیلیجنس بنیادوں پر کام کرتے ہیں۔ بھارت میں ہمیشہ سے پاکستان مخالف فلموں کو پسند کیا گیا ہے اور یہ بھی انہی میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں کئی پاکستانی شخصیات کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، تاہم اس کی کہانی کی حقیقت پر دونوں جانب متضاد تبصرے ہو رہے ہیں۔
اس فلم نے بالی وڈ کے متعدد پرانے ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیے ہیں۔