مکیش امبانی نے دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا سنٹر بنانے کا منصوبہ پیش کر دیا

ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے دنیا کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا ہے، جو بھارت میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو فروغ دینے کی کوششوں کا اہم حصہ ہوگا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز گجرات کے شہر جام نگر میں اس میگا پراجیکٹ پر کام کرے گی۔ اس منصوبے کا مقصد بھارت کو اے آئی کے میدان میں عالمی سطح پر ایک اہم مقام دلانا ہے۔
اس منصوبے کے لیے ریلائنس نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی NVIDIA سے جدید اے آئی سیمی کنڈکٹرز کی خریداری شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ NVIDIA مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی میں دنیا کی سرِفہرست کمپنیوں میں شامل ہے۔
ریلائنس اور NVIDIA نے اکتوبر 2024 میں بھارت میں مشترکہ طور پر اے آئی انفراسٹرکچر کی تعمیر کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت بلیک ویل اے آئی پراسیسرز ریلائنس کے ڈیٹا سینٹر کو فراہم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، ستمبر 2024 میں دونوں کمپنیوں نے بھارت میں اے آئی سپر کمپیوٹرز اور لارج لینگوئج ماڈلز (ایل ایل ایم ایس) کی تیاری کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی حکومت بھی اس منصوبے میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور اے آئی پراجیکٹس کی ترقی کے لیے 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا ہے۔
تاہم، اس منصوبے کو چیلنجز کا سامنا بھی ہے، خاص طور پر بھارت میں سیمی کنڈکٹرز اور چپس کی تیاری کی صنعت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، جس کے لیے بھاری سرمایہ کاری اور کئی سالوں کی محنت درکار ہوگی۔
یہ منصوبہ نہ صرف بھارت میں اے آئی کے میدان میں انقلاب برپا کر سکتا ہے بلکہ ملک کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں