ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ روزانہ صرف 10 منٹ کی ورزش بھی انسانی جسم کے لیے غیر معمولی فائدے رکھتی ہے۔ تحقیق کے مطابق، مختصر مدت کی ورزش نہ صرف جسم میں ڈی این اے کی مرمت میں مدد دیتی ہے بلکہ بڑی آنت کے کینسر کے بڑھنے کے عمل کو بھی سست کر سکتی ہے۔
تحقیق میں 30 زیادہ وزن والے یا موٹے لیکن صحت مند افراد کے خون کے نمونے ورزش سے پہلے اور بعد لیے گئے۔ ان خون کے نمونوں کو بڑی آنت کے کینسر کے خلیات پر آزمایا گیا تاکہ دیکھا جا سکے کہ ورزش کے فوری اثرات جسم میں کس طرح ظاہر ہوتے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ صرف 10 سے 12 منٹ کی شدید ورزش کے بعد خون میں تیرہ مختلف پروٹینز کی سطح میں اضافہ ہو گیا۔ یہ پروٹینز جسم میں سوزش کو کم کرنے، خون کی نالیوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور میٹابولزم بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ فوری حیاتیاتی تبدیلیاں سمجھنے میں مدد کرتی ہیں کہ مختصر وقفے کی ورزش بھی جسم کو صحت مند رکھنے میں کس قدر مؤثر ہو سکتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ زیادہ تر لوگ سوچتے ہیں کہ ورزش کے لیے گھنٹوں وقت درکار ہوتا ہے، لیکن یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ روزانہ صرف دس منٹ کی ورزش بھی جسم کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ ایسے چھوٹے وقفے میں کی جانے والی ورزش جسم میں فوری تبدیلیاں پیدا کر سکتی ہے جو کینسر کے بڑھنے کے عمل کو روکنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق کے نتائج یہ بھی بتاتے ہیں کہ جسم میں پانی کی مقدار اور غذائی معمولات کے ساتھ ورزش کے یہ اثرات اور بھی مضبوط ہو سکتے ہیں۔ مختصر ورزش کے یہ فوائد خاص طور پر وہ افراد محسوس کرتے ہیں جو عام دنوں میں زیادہ جسمانی سرگرمی نہیں کرتے۔
یہ تحقیق اس بات کا ثبوت ہے کہ روزانہ تھوڑا سا وقت ورزش کے لیے نکالنا نہ صرف جسمانی بلکہ حیاتیاتی طور پر بھی صحت کے لیے ضروری ہے اور اس سے زندگی کے معیار میں بہتری آ سکتی ہے