امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا ہے کہ چینی افواج “حقیقی مشن کی مشق کر رہی ہیں” جب کہ وہ تائیوان پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہی ہیں۔
ہیگستھ نے سنگاپور میں منعقدہ شینگریلا سیکیورٹی فورم کے دوران کہا کہ “یہ معروف بات ہے کہ شی جن پنگ نے اپنی فوج کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2027 تک تائیوان پر حملے کے قابل ہو جائے۔ پیپلز لبریشن آرمی اس مقصد کے لیے عسکری قوت تیار کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اسی حقیقی مشن کے لیے تربیت حاصل کر رہی ہے۔”
ہیگستھ نے واشنگٹن کے ایشیائی اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ چینی خطرے کے پیش نظر اپنے دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ کریں۔
امریکی وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ ان کا ملک “واپس” بحر ہند اور بحر الکاہل کے خطے میں آ چکا ہے۔ ہیگیستھ نے زور دے کر کہا “ہم یہاں ہمیشہ کے لیے موجود رہیں گے۔”