کابل میں چین کے سفیر ژاؤ شِنگ نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور چین کے شہر ارومچی میں جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ امیر خان متقی نے دونوں ممالک کے تعلقات اور جاری تعاون کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے ارومچی میں مذاکرات کے انعقاد اور میزبانی پر چین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ سعودی عرب، ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات کی ثالثی کوششوں کو بھی سراہا۔
حکام کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھے ہیں، اور امید ظاہر کی کہ معمولی اختلافات عمل کو متاثر نہیں کریں گے۔
چین کے سفیر نے بھی ارومچی مذاکرات سے متعلق تازہ صورتحال سے افغان وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ ان کا ملک مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس موقع پر امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان کا مؤقف دفاعی نوعیت کا ہے اور وہ اپنی سرحدوں کے تحفظ کو اپنا بنیادی حق سمجھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان باہمی احترام اور مفاہمت کی بنیاد پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔