چین کی ایک عدالت نے پیر کے روز ایک خاندانی نیٹ ورک چلانے والے 11 افراد کو سزائے موت سنائی، جن پر 1.4 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے غیر قانونی جوا اور دھوکہ دہی کے آپریشن چلانے اور حکم عدولی کرنے والے کارکنوں کی ہلاکتوں کا الزام تھا۔
وینزہو انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کے مطابق، میانمار کے علاقے کوکانگ کے بااثر خاندان کے 11 افراد کو بھی سزائے موت دی گئی۔ عدالت نے مزید پانچ ملزمان کو دو سالہ معطل سزائے موت اور 12 کو پانچ سے 24 سال قید کی سزا سنائی۔ دو سالہ معطل سزائے موت اکثر عمر قید میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
چینی حکام نے نومبر 2023 میں منگ خاندان کے ارکان کے خلاف دھوکہ دہی، قتل اور غیر قانونی حراست کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جو میانمار کی سرحد کے قریب غیر قانونی اسکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حصہ تھا۔
عدالتی بیان کے مطابق، اس گروہ کے جرائم کے نتیجے میں 10 کارکن ہلاک اور دو زخمی ہوئے جو اس کے قائم کردہ اسکیم سینٹرز سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ سینٹرز جنوب مشرقی ایشیائی ممالک بشمول میانمار، لاؤس اور کمبوڈیا میں بڑی تعداد میں قائم ہیں، جہاں مجرم دنیا بھر کے لوگوں کو نشانہ بنانے والی جدید آن لائن دھوکہ دہی چلاتے ہیں اور عموما اسمگل شدہ کارکنوں کو رومانوی بنیادوں پر سرمایہ کاری کے فراڈ کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے مطابق، یہ صنعت سالانہ 40 ارب ڈالر کی ہے۔
چین خطے میں ایسے اسکیم سینٹرز کے خلاف مقامی پولیس کے ساتھ تعاون یا مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے کریک ڈاؤن کر رہا ہے۔ فروری میں چین، میانمار اور تھائی لینڈ نے تھائی-میانمار سرحد کے قریب قائم اسکیم سینٹرز پر دباؤ ڈالا، جس کے نتیجے میں 7 ہزار سے زائد کارکن آزاد ہوئے جن میں زیادہ تر چینی شہری تھے۔