ہنگامی حالات میں اس چیک لسٹ کو فالو کریں

پاکستان میں موسموں کی تیزی سے تبدیلی نے بڑے حادثات کو جنم دیا ہے ۔ خیبرپختون خواہ کا بڑا علاقہ اس وقت شدید متاثر ہے ۔ اسلام آباد اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور ربن سیلاب کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ ایسے ہنگامی حالات میں حفاظتی اقدامات کا مکمل خیال رکھنا بے حد ضروری ہے تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
ایک چیک لسٹ میں نے بنائی ہے ۔ آپ بھی اپنا حصہ ڈالیں اور احباب کے ساتھ شیئر کرتے جائیں ۔

قدرتی آفات کلاؤڈ برسٹ، سیلاب، اربن فلڈ کی صورت میں چیک لسٹ

حصہ اوّل: وہ اقدامات جو ہر گھرانے کو بارش یا آفت آنے سے پہلے ہی کر لینے چاہئیں ۔

1. مکان کی چھت اور دیواروں کی مرمت کر لی ہے؟

2. چھت اور نالیوں کو صاف رکھا ہے تاکہ پانی جمع نہ ہو؟

3. کچے مکان کے قریب رہنے والوں نے محفوظ جگہ طے کی ہے؟

4. ضروری کاغذات (شناختی کارڈ، زمین کے کاغذات وغیرہ) پلاسٹک بیگ میں رکھے ہیں؟

5. قیمتی سامان اور کپڑے اونچی جگہ پر رکھ دیے ہیں؟

6. اگر ممکن ہو تو ریت کی بوریاں یا رکاوٹیں تیار کی ہیں تاکہ پانی اندر نہ آئے؟

7. ایمرجنسی کٹ (پانی، خشک خوراک، ٹارچ، فرسٹ ایڈ، دوائیاں) تیار ہے؟

8. موبائل اور پاور بینک چارج رکھے ہیں؟

9. اہل خانہ کے ساتھ۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ملاقات کی جگہ طے کی ہے؟

10. بچوں اور بزرگوں کو ایمرجنسی پلان سمجھایا ہے؟

11. خواتین اور بچوں کی ضروریات (کپڑے، دودھ، ڈائپرز،دیگر اشیا ) ایمرجنسی بیگ میں رکھ لی گئی ہیں؟

12. سب کو ریسکیو نمبر (1122) اور قریبی ہسپتال کا پتا معلوم ہے؟

حصہ دوم: حادثے کے وقت کرنے والے اقدامات

جب اچانک بارش یا کلاؤڈ برسٹ شروع ہو جائے تو کیا کرنا ہے

13. ندی نالوں، ڈھلوانوں اور کمزور پلوں سے دور رہیں۔

14. کچے مکان یا کچی سڑک پر موجود نہ رہیں۔

15. بہتے پانی میں گاڑی یا موٹر سائیکل استعمال نہ کریں۔

16. فوراً قریبی اونچی اور محفوظ جگہ پر جائیں۔

17. بجلی کے کھمبوں یا ڈھیلے تاروں کے قریب نہ جائیں۔

18. رات کے وقت ٹارچ یا ریڈیو ساتھ رکھیں تاکہ اطلاع ملتی رہے۔

19. پڑوسیوں کو فوری خبردار کریں۔

20. بزرگوں، بچوں اور کمزور گھروں والے خاندان کو محفوظ جگہ منتقل کریں۔

21. ریسکیو اداروں کو اطلاع دیں۔

22. مسجد، کمیونٹی سینٹر یا لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے دوسروں کو آگاہ کریں۔

23. اگر پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے تو نقل مکانی میں دیر نہ کریں۔

24. گھر سے نکلتے وقت بجلی اور گیس بند کر دیں۔

سب سے ضروری بات یہ کہ آپ کا کام سوشل میڈیا کے لئے رپوٹنگ کرنا نہیں ہے ۔ پلیز فوٹیجز لینے کے لیے اپنی جان خطرے میں مت ڈالیں ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں