آن لائن رائیڈ فراہم کرنے والی معروف کمپنی ‘کریم’ نے اعلان کیا ہے کہ، وہ آئندہ ماہ 18 جولائی 2025 سے پاکستان میں اپنی سفری سہولیات مکمل طور پر بند کر دے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، کریم کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) نے اپنی لنکڈاِن پوسٹ میں اس فیصلے کو ’’انتہائی مشکل‘‘ قرار دیا اور اس کی وجہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کو ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ، ملک میں معاشی چیلنجز کے باعث کمپنی کو اپنی سفری سروس بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
سی ای او نے اعتراف کیا کہ، کریم کو پاکستان میں مختلف مشکلات کا سامنا رہا ہے، جس کے پیشِ نظر 18 جولائی کے بعد کریم کی ٹیکسی سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔ اس فیصلے سے صارفین کو براہِ راست آگاہ کرتے ہوئے کریم نے انہیں ای میلز بھی بھیجی ہیں، جن میں سروس کی بندش اور والٹ میں موجود بقایا رقم کے حوالے سے طریقہ کار کی تفصیلات شامل ہیں۔
اگرچہ سروسز بند کی جا رہی ہیں، تاہم کریم کے کیئر سینٹرز ستمبر 2025 تک فعال رہیں گے، تاکہ صارفین اور رائیڈرز کو درپیش کسی بھی مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ کمپنی نے یہ بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ، آنے والے دنوں میں صارفین کو والٹ میں موجود رقم واپس لینے یا استعمال کرنے سے متعلق مکمل معلومات فراہم کر دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ، کریم کو کچھ سال قبل امریکی رائیڈ ہیلنگ کمپنی ‘اوبر’ نے خرید لیا تھا۔ اوبر نے پاکستان میں 2022 میں اپنی تمام سروسز بند کر دی تھیں، اور اب کریم بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔
کریم نے 2015 میں پاکستان میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور تقریباایک دہائی بعد اپنی سروسز کے اختتام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد ملک میں یانگو، ان ڈرائیو اور بائیکیا جیسی متبادل رائیڈ سروسز کی مانگ میں مزید اضافے کا امکان ہے، جن کی مقبولیت حالیہ برسوں میں تیزی سے بڑھی ہے۔