کانز فلم فیسٹیول کے موقع پر ہالی ووڈ کی نامور شخصیات، بشمول سوزین سارینڈن اور رچرڈ گیئر، نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ایک اہم پٹیشن پر دستخط کیے، جس میں غزہ میں مبینہ نسل کشی کی شدید مذمت کی گئی۔
اس پٹیشن پر کل 350 اہم شخصیات نے دستخط کیے، جن میں مشہور ہسپانوی ہدایت کار پیڈرو الموڈوور اور کانز کے سابق فاتح روبن اوسٹلنڈ بھی شامل تھے۔
یہ پٹیشن فلسطین کی حمایت کرنے والے ایک گروہ کی جانب سے تیار کی گئی تھی، جسے فرانس کے معتبر اخبار لیبریشن اور امریکی میگزین ورائٹی میں شائع کیا گیا۔ اس پٹیشن میں کہا گیا کہ ،غزہ میں نسل کشی کی جارہی ہے اور ہم اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
دستخط کنندگان نے غزہ کی 23 سالہ فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کی شہادت کی بھی مذمت کی، جو گزشتہ ماہ شمالی غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت جاں بحق ہو گئی تھیں۔ ایرانی ہدایت کار سپیدہ فارسی نے فاطمہ حسونہ پر مبنی ایک دستاویزی فلم Put Your Soul on Your Hand Walk تیار کی ہے، جس کا پریمیئر جمعرات کو کانز میں ہوگا۔
ہدایت کار سپیدہ فارسی نے اس فلم کو ملنے والی پذیرائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کانز فیسٹیول کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ، وہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف واضح مؤقف اختیار کریں۔ انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ ،یہ کہنا کہ کانز فلم فیسٹیول غیر سیاسی ہے، حقیقت سے منافی ہے۔
فیسٹیول انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ، اگرچہ غزہ جنگ سے متعلق کوئی باقاعدہ منصوبہ بندی نہیں کی گئی، تاہم فاطمہ حسونہ پر بننے والی فلم کو ایک اعزازی خراج کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ، ابتدائی طور پر یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ، اس سال کانز جیوری کی صدر، جولیٹ بنوشے، نے بھی اس پٹیشن پر دستخط کیے ہیں، تاہم ان کی ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ، انہوں نے اس پٹیشن کی توثیق نہیں کی اور نہ ہی ان کا نام لیبریشن کی فہرست میں شامل تھا۔
پٹیشن پر دستخط کرنے والوں میں امریکی اداکار مارک روفالو، ہسپانوی اداکار جیویئر بارڈیم اور یہودی نژاد برطانوی ہدایت کار جوناتھن گلیزر بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2023 میں اپنی فلم The Zone of Interest کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
کانز فلم فیسٹیول کا آغاز منگل کو فرانسیسی رویرا پر ہوا، جس کی افتتاحی تقریب معروف اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے کی۔ اس موقع پر یوکرین اور روس کی جنگ پر مبنی تین فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔