کیا مستقبل میں آپ اپنے واٹس ایپ چینل سے پیسے کما سکیں گے؟

میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا ایپلی کیشن، واٹس ایپ میں جلد ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے، جس کے تحت صارفین کو یوٹیوب اور فیس بک کی طرح واٹس ایپ چینلز کے ذریعے پیسے کمانے کا موقع ملے گا۔
امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کی تاریخ میں پہلی بار ‘مونیٹائزیشن پروگرام’ متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کا مقصد چینل ہولڈرز کو آمدن کا ذریعہ فراہم کرنا ہے۔

میٹا نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ، واٹس ایپ میں اشتہارات دکھائے جائیں گے، اور اب انہی اشتہارات کی مدد سے چینلز کو مونیٹائز کرنے کا فیچر بھی شامل کیا جائے گا۔ اشتہارات کو ’اسٹیٹس‘ یا ’اسٹوری‘ سیکشن میں دیگر اسٹیٹسز کے درمیان دکھایا جائے گا، اور اسی سیکشن میں چینلز کو مونیٹائز کرنے کی سہولت دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق، ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف واٹس ایپ بزنس یا بڑے چینلز کو فراہم کیا جائے گا، جس کے بعد آہستہ آہستہ دیگر صارفین کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ مونیٹائزیشن کی اہل بننے کے لیے ممکنہ طور پر چینل پر فالورز کی ایک خاص تعداد ہونا ضروری ہوگی، جبکہ ذاتی اکاؤنٹس کو فی الحال اس نظام کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

تاہم، ذاتی اکاؤنٹس پر بھی اشتہارات ضرور دکھائے جائیں گے، خاص طور پر ان صارفین کو، جنہوں نے کسی چینل کو فالو کیا ہوگا۔ یعنی چینل کی فالوونگ صارف کی فیڈ میں اشتہارات کی راہ ہموار کرے گی۔

میٹا کی جانب سے یہ فیچر ابتدائی طور پر چند ممالک میں متعارف کروایا جائے گا اور بعد میں اسے دنیا بھر میں وسعت دی جائے گی۔ اس وقت واٹس ایپ کے دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زائد فعال صارفین ہیں، جو روزانہ اس ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، واٹس ایپ چینلز کی مونیٹائزیشن سے نہ صرف صارفین کو کمائی کا نیا موقع ملے گا، بلکہ کاروباری ادارے بھی اس پلیٹ فارم کو مزید مؤثر طریقے سے استعمال کر سکیں گے۔ اس پیش رفت کو سوشل میڈیا مارکیٹ میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں