کیا کولیجن سپلیمنٹس واقعی جلد اور جوڑوں کے لیے فائدہ مند ہیں؟ ماہر ین کیا کہتے ہیں؟

کولیجن سپلیمنٹس جلد کو ہموار رکھنے اور جوڑوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق ان کے فوائد موجود ضرور ہیں لیکن اشتہاری دعوؤں کے مقابلے میں محدود ہو سکتے ہیں۔

امریکی ویب سائٹ ہیلتھ کے مطابق کولیجن جسم میں قدرتی طور پر پایا جانے والا اہم پروٹین ہے، جو جلد، پٹھوں اور ہڈیوں کو ساخت اور مضبوطی فراہم کرتا ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم میں اس کی مقدار کم ہونے لگتی ہے۔

کولیجن سپلیمنٹس کے کچھ مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ 1,100 سے زائد افراد پر مشتمل مطالعات کے جائزے میں 90 دن تک کولیجن کے استعمال سے جھریوں میں کمی اور جلد کی نمی اور لچک میں بہتری دیکھی گئی۔ بعض تحقیقات میں جوڑوں کی حرکت اور کارکردگی بہتر ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

تاہم ماہرین کے مطابق کولیجن کوئی معجزاتی علاج نہیں اور جوڑوں اور ہڈیوں سے متعلق بعض تحقیقات کی مالی معاونت ایسے اداروں نے کی ہے جو نتائج سے تجارتی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں، اس لیے نتائج کو احتیاط سے دیکھنا ضروری ہے۔

کولیجن عام طور پر تجویز کردہ مقدار میں محفوظ سمجھا جاتا ہے، لیکن بعض افراد کو پیٹ پھولنے، معدے کی خرابی، سینے میں جلن، متلی یا الرجی ہو سکتی ہے۔ مچھلی سے الرجی رکھنے والے افراد کو مچھلی سے تیار کردہ کولیجن سے احتیاط کرنی چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کولیجن کے ممکنہ فوائد کے ساتھ متوازن اور پروٹین سے بھرپور غذا، مناسب نیند، پانی کا استعمال، ورزش اور دھوپ سے جلد کا تحفظ بھی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں