ازبکستان کے صوبہ بخارا میں نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں فعال کیے جانے کا منصوبہ ہے۔بخارا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہبوز خایتوف نے ازبکستان 24 ٹیلی وژن چینل پر ایک نشریاتی پروگرام کے دوران بتایاکہ نیا ہوابازی کمپلیکس سالانہ 30 لاکھ سے زائد مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا۔
یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے، جس میں مجموعی سرمایہ کاری کا تخمینہ 226 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔
تعمیراتی کام شہر کی حدود سے باہر 377.7 ہیکٹر رقبے پر جاری ہے، کیونکہ بخارا کے اندر واقع موجودہ ہوائی اڈے کی مزید توسیع تکنیکی طور پر ممکن نہیں سمجھی گئی۔
نئے ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے میں 3.3 کلومیٹر طویل رن وے شامل ہوگا، جو ہر قسم کے طیاروں کو سنبھالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پانچ ٹیکسی ویز اور طیاروں کی پارکنگ کے لیے 20 جدید اسٹینڈز ہوں گے۔ مسافر ٹرمینل کی گنجائش فی گھنٹہ 1,200 مسافروں تک ہوگی۔
بخارا شہر سے 26 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس ہوائی اڈے تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیےساتھ ہی 29 کلومیٹر طویل نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ،2030 تک خطے میں مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جسے موجودہ ہوائی اڈہ سنبھالنے کے قابل نہیں رہے گا۔
اس وقت بخارا انٹرنیشنل ایئرپورٹ فی گھنٹہ تقریبا400 مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے، جو سالانہ تقریبا10 لاکھ مسافروں کے برابر ہے۔
شہر میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ریل اور سڑک کے ذریعے آتی ہے۔ اسی دوران آئندہ تین برسوں میں بخارا آنے والے سیاحوں کی تعداد سالانہ 80 لاکھ تک بڑھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
نئے ہوائی اڈے کی تعمیر مئی 2024 میں شروع ہوئی تھی اور اسے سیاحت کے فروغ اور خطے کے ٹرانسپورٹ روابط بہتر بنانے کے لیے ایک اہم بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔