بنگلادیش نے آئی سی سی کے ایک وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد اور وینیوز کے حوالے سے پیدا ہونے والی کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آئی سی سی کا وفد ورلڈ کپ کے ممکنہ مقامات پر بات چیت کے لیے بنگلادیش کا دورہ کرنے والا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کا دو رکنی وفد ورلڈ کپ کے وینیوز سے متعلق معاملات پر بنگلادیشی حکام سے ملاقات کے لیے طے شدہ دورے پر تھا۔ اس وفد میں آئی سی سی کے ہیڈ آف اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی اینڈریو ایپہگریو اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر ایگزیکٹو شامل تھے۔
تاہم بنگلادیشی حکام نے وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ اینڈریو ایپہگریو کو بنگلادیش کا ویزا دے دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اینڈریو ایپہگریو آج دو روزہ دورے پر بنگلادیش پہنچیں گے، جہاں وہ ورلڈ کپ کے وینیوز کی تبدیلی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی وفد کے دورے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت میں ممکنہ میچز کے حوالے سے پیدا ہونے والے خدشات پر مشاورت کی جائے۔ بنگلادیش پہلے ہی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارت جا کر ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے، جس کے باعث صورتحال ڈیڈ لاک کا شکار ہے۔
اس پیش رفت کے بعد بنگلادیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ ویزا سے انکار نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سفارتکاری کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جبکہ آئی سی سی کے لیے بھی ایک نیا چیلنج پیدا ہو گیا ہے۔