پاکستان ریلوے اور بلوچستان حکومت کے اشتراک سے کوئٹہ تا کچلاک ‘پیپلز ٹرین سروس’ شروع کرنے کااعلان

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت نے منگل کے روز کوئٹہ اور کچلاک کے درمیان ‘پیپلز ٹرین سروس’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس منصوبے کے لیے آئندہ چند دنوں میں 1.4 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کے دوران اس منصوبے کا اعلان کیا۔ ملاقات میں بلوچستان میں ریلوے منصوبوں کی بحالی اور پاکستان ریلوے اور بلوچستان حکومت کے مشترکہ اشتراک سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

حکام کے مطابق، پاکستان ریلوے اور بلوچستان حکومت کے درمیان اصولی طور پر اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں پیپلز ٹرین سروس بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ اس منصوبے کے لیے 1.4 ارب روپے کی رقم چند دنوں میں جاری کر دی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی 78 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی صوبے کی سطح پر اس نوعیت کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تین صوبوں نے مقامی ریلوے سروسز میں دلچسپی ظاہر کی ہے، لیکن بلوچستان نے اس معاملے میں سبقت حاصل کی ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس پاکستان ریلوے اور بلوچستان حکومت کے باہمی تعاون کا خوبصورت نمونہ ہے اور یہ منصوبہ عوام کو سستا، محفوظ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نئی ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر اور موجودہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی فنڈز فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوئٹہ سے کچلاک کے درمیان پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد اس سروس کو مستونگ سے پشین اور صوبے کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں