ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں بھارت نے پاکستان کے 128 رنز کا ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
بھارتی اننگز میں کپتان سوریا کمار یادو نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو کامیابی تک پہنچایا۔ اوپنرز ابھیشک شرما اور تلک ورما نے 31، 31 رنز بنائے جبکہ شبمن گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں صائم ایوب کے حصے میں آئیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر بیٹنگ لائن آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، نتیجتاً پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی۔
میچ کی پہلی ہی گیند پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی جب اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث اگلے اوور میں صرف تین رنز بنا کر جسپریت بمراہ کا شکار بنے۔ فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے بیٹنگ کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن فخر 17 رنز بنا کر 45 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور تین رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
حسن نواز 5 اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ صفیان مقیم 10 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر مزاحمت کی، فہیم اشرف 11 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اننگز کے اختتام پر شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 16 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر اسکور میں کچھ اضافہ کیا۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اکثر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔