ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کل سے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کا اہم اجلاس شروع ہو رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے چین سے تعاون حاصل کریں گے۔ اجلاس کے دوران امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات بھی ہوں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ ملائیشیا میں ہونے والی بات چیت کے دوران برآمدات پر عائد پابندیوں اور درآمدی ٹیکسوں کے مسائل پر غور کریں گے۔ یہ مذاکرات تجارتی تعلقات میں بہتری اور ممکنہ معاشی تنازعات سے بچنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
اجلاس کے دوران مشرقی تیمور کو تنظیم کے گیارہویں رکن کے طور پر شامل کیے جانے کا اعلان بھی متوقع ہے، جو خطے میں تعاون اور ترقی کے نئے دور کا آغاز سمجھا جا رہا ہے