آرمی چیف، جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ، پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوج کی حالیہ بیان بازی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ، ایسے بیانات ان کی بڑھتی ہوئی مایوسی کا ثبوت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 267ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، داخلی و خارجی خطرات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران شرکا نے شہدا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کانفرنس نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری سے موثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ، بھارت اس قسم کی بیان بازی کے ذریعے اپنی اندرونی بدامنی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ، پاکستان کسی بھی جارحیت کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔
اجلاس میں افغان سرزمین کے پاکستان مخالف دہشت گردی کے لیے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور عبوری افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ، وہ دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر اور عملی اقدامات کرے۔
فورم نے بلوچستان میں عوامی بہبود پر مبنی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ محرومی کے منفی بیانیے کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ، پاکستان کی فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔