دوحہ پر حملہ ایک عرب ریاست کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، عرب لیگ

عرب لیگ کی کونسل نے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ کونسل کے مطابقم، یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب دوحہ میں امن مذاکرات کے لیے فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے رہنما موجود تھے۔

عرب لیگ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی بمباری کو ‘وحشیانہ’ اور ‘اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی’ قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی پر کھلا حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت ایک عرب ریاست کی خودمختاری کی پامالی ہے، جو خطے کے امن و استحکام کو براہِ راست خطرے میں ڈال رہی ہے۔

کونسل نے اپنے اعلامیے میں قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے استحکام، عوام کے تحفظ اور سرزمین کے دفاع کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

مزید برآں، عرب لیگ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرے اور اسرائیل کو خطے میں اپنی جارحانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے پر مجبور کرے، تاکہ علاقائی ممالک کی سلامتی اور عالمی امن کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں