گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو اپریل 2025 کی سسٹم اپڈیٹس کا حصہ ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت اگر صارف اپنا اینڈرائیڈ فون یا ٹیبلیٹ تین دن تک لاک رکھتا ہے اور اسے استعمال نہیں کرتا تو ڈیوائس خودکار طور پر ری اسٹارٹ ہو جائے گی۔ اس ری اسٹارٹ کے بعد فون کو دوبارہ کھولنے کے لیے لازمی طور پر پاس کوڈ دوبارہ درج کرنا ہوگا۔ گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ان حالات میں صارف کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے جب فون طویل وقت کے لیے غیر استعمال شدہ حالت میں پڑا ہو، جیسا کہ اکثر ان صارفین کے ساتھ ہوتا ہے جو ایک سے زائد فونز رکھتے ہیں اور ثانوی ڈیوائسز کو بند کرکے ایک طرف رکھ دیتے ہیں۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ فون کو پاور آف کیے بغیر ہی سیکیورٹی کا عمل فعال ہو جائے گا، جس سے نہ صرف ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے گی بلکہ ڈیوائس کے ازسرنو فعال ہونے پر اس تک غیر مجاز رسائی بھی ممکن نہیں رہے گی۔ اس سیکیورٹی اپڈیٹ کے ساتھ گوگل نے اینڈرائیڈ سسٹم میں دیگر بہتریاں بھی متعارف کرائی ہیں جن میں کوئیک شیئر فیچر کی بہتری قابل ذکر ہے۔ اب صارفین فائل موصول ہونے سے قبل اس کا پریویو دیکھ سکیں گے، جو کہ ناپسندیدہ یا مشکوک مواد سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ گوگل نے یوز ایج اور Diagnostics سیکشن میں بھی نیا اور بہتر یوزر انٹرفیس فراہم کیا ہے تاکہ صارفین اپنی ڈیوائس کی کارکردگی اور استعمال کے بارے میں مزید شفاف اور مفصل معلومات حاصل کر سکیں۔ ساتھ ہی پرانی ڈیوائسز سے نئی فونز میں ڈیٹا ٹرانسفر کا عمل بھی پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور تیز کر دیا گیا ہے۔ گوگل کی جانب سے یہ اپڈیٹس صارفین کو نہ صرف بہتر تجربہ فراہم کریں گی بلکہ ان کی پرائیویسی اور ڈیجیٹل تحفظ کو بھی نئے معیار تک لے جائیں گی۔