امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے لیے ایمازون اور میٹا (فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی) نے ایک ایک ملین ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایمازون کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ، کمپنی تقریب حلف برداری کے لیے ایک ملین ڈالر کا عطیہ دے گی اور تقریب کو اپنی پرائم ویڈیو سروس پر اسٹریم بھی کرے گی۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی صدر ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان تعلقات ماضی میں کشیدہ رہے ہیں، خاص طور پر ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں جب انہوں نے ایمازون اور واشنگٹن پوسٹ (جو بیزوس کی ملکیت ہے) پر شدید تنقید کی تھی۔
میٹا، جو فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک ہے، پہلے ہی تقریب کے لیے ایک ملین ڈالر دینے کا اعلان کر چکی ہے۔ اس اقدام کو امریکی سیاست اور کاروباری دنیا میں ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ دونوں کمپنیاں ٹرمپ کے پہلے دور حکومت کے دوران مختلف تنازعات کا شکار رہی ہیں۔
ایمازون اور میٹا کی جانب سے یہ عطیات ایسے وقت میں دیے جا رہے ہیں، جب ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ایمازون کے جیف بیزوس کی ٹرمپ سے متوقع ملاقات اور عطیہ کا اعلان اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ، دونوں فریق تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ عطیات اور شراکتیں امریکی سیاسی و کاروباری تعلقات میں ایک نئی سمت کی جانب اشارہ کرتی ہیں اور دیکھنا یہ ہوگا کہ، اس کا مستقبل میں کیا اثر پڑتا ہے۔