پاکستان کے شہر، راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ، جنرل سید عاصم منیر سے امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کی فضا پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور معدنی ترقی میں شراکت داری کے لیے گہری دلچسپی کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس وفد کی قیادت محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینئر افسر، ایرک میئر کر رہے تھے۔ ملاقات کا پس منظر پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا منرل انویسٹمنٹ فورم تھا، جسے امریکی وفد نے ایک حوصلہ افزا اور دور رس اثرات کا حامل اقدام قرار دیا۔
امریکی وفد نے پاکستان کی معدنی دولت کو اجاگر کرنے اور مشترکہ مفادات پر مبنی شراکت داریوں کے ذریعے اس شعبے کو ترقی دینے کی کوششوں کو سراہا۔ ایرک میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، پاکستان کے ساتھ معدنی شعبے میں تعاون، دو طرفہ تعلقات کا ایک کلیدی جزو ہے، اور واشنگٹن پاکستان میں بہتر ہوتی سرمایہ کاری کی صورتحال کو حوصلہ افزا سمجھتا ہے۔
ملاقات کے دوران نہ صرف باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی گئی، بلکہ دونوں فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ، کاروباری امکانات کو عملی جامہ پہنانے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دوران عالمی حالات اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں جانب سے پاک-امریکا تعلقات کی موجودہ سمت کو مثبت قرار دیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ، تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات اور تعاون میں وسعت لائی جائے گی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اپنے معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پیش کر رہا ہے، اور امریکہ جیسے عالمی شراکت داروں کی دلچسپی اس سمت میں ایک مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔