ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں ہزاروں شہری عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر 24 ہزار 531 شہری یونٹس کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 19 ہزار 775 رہائشی مکانات شامل ہیں۔
ہلالِ احمر حکام کے مطابق، ان حملوں میں 4 ہزار 511 کاروباری مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کی معیشت اور روزگار پر سنگین اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ 69 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ مختلف حملوں میں 195 اساتذہ اور طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ادارے بھی اس نقصان سے محفوظ نہیں رہے۔ ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے 16 مراکز کو نقصان پہنچا جبکہ 21 امدادی و ریسکیو گاڑیاں اور 19 ایمبولینسیں بھی تباہ یا متاثر ہوئیں۔
ایرانی ہلالِ احمر سوسائٹی کے مطابق، ان حملوں سے شہری انفراسٹرکچر، تعلیم اور امدادی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں انسانی اور معاشی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔