بالی ووڈ کی نامور اداکارہ اور فیشن آئیکون ایشوریا رائے بچن نے پیرس فیشن ویک میں اپنی شاندار انٹری کے ذریعے ایک بار پھر مداحوں کے دل جیت لیے۔
51 سالہ اداکارہ، جو ایک عالمی بیوٹی برانڈ کی ایمبیسیڈر بھی ہیں، بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کے تیار کردہ خصوصی لباس میں ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں اور اپنی منفرد شخصیت کے باعث توجہ کا مرکز بن گئیں۔
ایشوریا نے اس موقع پر انڈگو رنگ کی ری امیجڈ شیروانی زیب تن کی جو روایتی اور جدید فیشن کا حسین امتزاج پیش کر رہی تھی۔
ڈیزائنر منیش ملہوترا کے مطابق یہ تخلیق مردانہ ورثے سے متاثر ہے لیکن اس میں جدید نزاکت اور تخلیقی انداز شامل کیا گیا ہے، جو اسے منفرد بناتا ہے۔
اس لباس کو مزید خاص بنانے کے لیے اس میں ہیروں کی کڑھائی والے کف، ڈائمنڈ اسکالپ ڈیزائن، ٹسل ڈراپ اور ہیروں سے مزین بروچز شامل کیے گئے تھے۔
شیروانی میں بند کالر، ہیرے جڑے بٹن، پیڈڈ شولڈر اور لمبی آستینوں کے ساتھ سائیڈ اور فرنٹ سلیٹس دیے گئے تھے جبکہ فلیئرڈ پینٹس نے اس کے انداز کو مزید دلکش بنایا۔
ایشوریا نے اس کے ساتھ ہائی ہیلز اور ڈائمنڈ اسٹڈز انگوٹھی پہن رکھی تھی جس نے ان کی مجموعی شخصیت کو اور زیادہ شاہانہ بنا دیا۔
پیرس فیشن ویک سے ایشوریا رائے بچن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور مداح ایک بار پھر ان کی خوبصورتی اور اسٹائل کے سحر میں جکڑے نظر آتے ہیں۔