وفاقی وزیر احسن اقبال کی ڈھاکہ میں چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کا عزم

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے منتخب وزیر اعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے دوران بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں احسن اقبال نے پروفیسر یونس اور بنگلہ دیش کے عوام کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ انہوں نے تجارت، عوامی روابط اور براہِ راست فضائی رابطوں کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان-بنگلہ دیش علمی راہداری کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کا پہلا گروپ پاکستان کی جامعات میں تعلیم شروع کر چکا ہے۔

پروفیسر محمد یونس نے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ سالوں میں تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تبادلوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کئی مشترکہ پہلو موجود ہیں جو باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں