افغانستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت میں اضافہ، چھ ماہ میں 28 ملین ڈالر کی برآمدات

افغانستان کے قومی ادارہ برائے شماریات و معلومات کے مطابق، گزشتہ چھ ماہ کے دوران افغانستان نے ازبکستان کو 28 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء برآمد کی ہیں۔

دوسری جانب، ازبکستان کے قومی شماریاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس نے رواں سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں میں افغانستان کو 873 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء برآمد کی ہیں۔

ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے میں تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق اگر افغانستان علاقائی ممالک، خصوصاً ازبکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھاتا ہے تو یہ دونوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی مصنوعات کے لیے وسطی ایشیا میں نئی منڈیاں حاصل کر سکتا ہے، جبکہ ازبکستان کی اقتصادی شراکت سے افغان معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا، بشرطیکہ ایک مناسب فریم ورک تشکیل دیا جائے۔

افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے ترجمان جان آغا نوید نے بتایا ہے کہ ازبکستان کے نجی شعبے کے ساتھ ہونے والی متعدد ملاقاتوں کے دوران ٹرانزٹ، تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری کے اہم معاہدے طے پائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان کے ذریعے افغانستان کی ریلوے لائنیں چین، قازقستان، روس اور یورپی یونین سے جڑتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ راستہ افغانستان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

ماہرین سمجھتے ہیں کہ افغانستان کی درآمدات اس کی برآمدات سے کہیں زیادہ ہیں۔ برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان بین الاقوامی معیار اپنائے تاکہ اس کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں قبول کی جا سکیں۔

افغانستان اور ازبکستان کے درمیان توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے بھی جاری ہیں، جو افغانستان کو وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک اہم تجارتی راہداری میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں