اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے افغانستان کے قائم مقام نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امورملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات ECO سمٹ کے سائیڈ لائنز پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر ازبکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم اور مشترکہ منصوبوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ عملی روابط بھی مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

ازبکستان نے مئی 2025 میں کابل اور مزارِ شریف میں تجارتی مراکزقائم کیے، جبکہ جون میں دونوں ممالک کے درمیان ایک ترجیحی تجارتی معاہدہ (Preferential Trade Agreement) پر دستخط کیے گئے۔
صدر شوکت مرزائیوف نے اس موقع پر سرحد پار تجارت اور اس سے منسلک بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے معدنیات، ٹیکسٹائل، دواسازی، تعمیراتی سامان اور زرعی پیداوار کی پروسیسنگ جیسے شعبوں میں تعاون کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے ٹرانس-افغان ریلوے کی تعمیر جیسے اسٹریٹجک اہمیت کے منصوبے پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا، جو پورے خطے کو آپس میں جوڑنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔