کراچی پورٹ پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے جدید نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران سے ملاقات میں اس کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نظام میں مزید بہتری کی ہدایات بھی دیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کیے گئے اس نظام سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اب کلیئرنس کا دورانیہ 15 سے 20 منٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 گھنٹے تک محدود ہو گیا ہے۔ اس جدید فیس لیس نظام کے تحت درآمد کنندگان اور تشخیص کنندگان کے درمیان براہ راست رابطہ نہیں ہوگا، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ نظام ایف بی آر کے اصلاحاتی منصوبے کا اہم حصہ ہے، جو کسٹمز کے شعبے میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔ نئے نظام کی بدولت شکایات میں 80 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جو کہ کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔